واشنگٹن،20؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)نے اپنی سربراہ کرسٹین لاگارڈ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایم ایف کی ایگزیکٹو کونسل کے مطابق لاگارڈ انتہائی مؤثر انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں، جس کی وجہ سے اس ادارے میں ان کا بہت زیادہ احترام کیا جاتا ہے۔ پیر کے روز ایک فرانسیسی عدالت نے لاگارڈ کو کئی ملین یورو کی ادائیگی کے ایک واقعے میں قصور وار قرار دے دیا تھا۔ عدالت کے مطابق اس ادائیگی میں اُس وقت کی فرانسیسی وزیر مالیات کے طور پر لاگارڈ نے غیر ذمے داری کا مظاہرہ کیا تھا تاہم ججوں نے لاگارڈ کو کوئی سزا نہیں سنائی۔